ایک موٹرسائیکل پردو بھائی، دوسری موٹر سائیکل پر بہن، بھائی اور ایک کزن سوار تھا، طالب علموں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان ہیں
کراچی، لاہور(آئی این پی )ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بہن بھائی اور بچی سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں ٹریلر کی ٹکر سے 5 طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ کوٹ ادو میں لیہ روڈ پرپیش آیا جہاں ٹریلر کی ٹکر سے طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر 5 طالب علم اسکول جارہے تھے جو تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ایک موٹرسائیکل پردو بھائی، دوسری موٹر سائیکل پر بہن، بھائی اور ایک کزن سوار تھا۔ریکسیو حکام نے مزید بتایا کہ طالب علموں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان ہیں اور حادثہ ٹریلر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔دوسری جانب خانیوال میں مہرشاہ کے قریب ٹرک اور گنے کی ٹرالی کے درمیان تصادم ہوگیا۔ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو پیچھے سے ٹکر مار دی، حادثہ میں ٹرک کا ہیلپر موقع پر جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 56 سالہ اکرم ولد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔ قصور کے علاقے دیو کھارہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 7 سالہ بچی دعا طارق جان کی بازی ہار گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق معصوم بچی پیدل سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔