کراچی، ٹریلر اور ڈمپر کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

 کراچی(آئی این پی ) کراچی میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں ٹریلر اور ڈمپر کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔تفصیل کے مطابق پہلا حادثہ ماڑی پور روڈ پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں بائیک سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریلر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔دوسرا حادثہ سپر ہائی وے پر پیش آیا جہاں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا۔جس کے نتیجے میں عبداللہ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 312 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ رواں سال مختلف حادثات میں زخمیوں کی تعداد 3275 ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں رواں سال ٹریلر کی ٹکر سے 48، واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے 31، بس کی ٹکر سے 12 اور ڈمپر کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے مجموعی طور پر 107 افراد جاں بحق ہوئے۔