بیجنگ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب سے ملاقات، دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت

بیجنگ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب سے ملاقات، دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت

وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب وانگ ژاو ہونگ سے ملاقات تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ، سائبر کرائمز کی روک تھام، اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں طے پایا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ ہر تین ماہ بعد ملاقات کرے گا، اور وزرائے داخلہ کی سطح پر سالانہ اجلاس ہوگا تاکہ تعاون اور رابطہ کاری مضبوط ہو۔ چینی وزیر داخلہ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور پاکستانی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انسداد دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، پولیس کی استعداد بڑھانے، اور پیشہ وارانہ تربیت کے لیے ایکسچینج پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔ علاوہ ازیں، اسلام آباد اور بیجنگ کے سسٹر سٹیز منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چینی صدر اور وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

 چینی وزیر داخلہ نے ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سیکیورٹی اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے، جن میں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ، نیشنل پولیس اکیڈمی اور سائبر کرائمز ایجنسی کے سربراہان شامل تھے، جبکہ چینی جانب سے وزارت پبلک سیکیورٹی اور بیجنگ کے ڈی جی اور نائب وزراء شریک تھے۔اس ملاقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور چین انسداد دہشت گردی اور داخلی سیکیورٹی کے شعبوں میں قریبی اور پائیدار تعاون بڑھانے پر پرعزم ہیں۔