آلودگی سے پاک خوبصورت شہرلاہور۔پنجاب حکومت اور پی ایچ اے کا عزم

ڈاکٹر جمشید نظر
لاہور کو باغوں کا شہر کہا جاتا ہے اس شہر کودلہن کی طرح سجائے رکھنے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدامات اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہورکی کاوشیں بہت اہم ہیں۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور ’’پی ایچ اے‘‘ ستمبر 1998 میں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹی ایکٹ 1976 کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ایک میڈیارپورٹ کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہورنے مالی سال 2023-24 میں مختلف کاروباری منصوبہ جات ڈیجیٹل سٹیمرز،ایل ڈی اے سکرینوں،شاپ بورڈز،کمرشل نرسریوں،گفٹ شاپس اور دیگر کاروباری اقدامات سے2.35  ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی۔پی ایچ اے شہر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ کچھ منفردمنصوبے بھی شروع کررہا ہے جن میںپاکستان کا پہلا فلوٹنگ یعنی تیرتا ہوا ریسٹورنٹ شامل ہے جس پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ہربنس پورہ لاہور نہر پر قائم ہونے والے اس فلوٹنگ ریسٹورنٹ میں سیٹنگ ایریاز اور بچوں کے لئے پلے ایریاز سمیت دیگر تفریحی سہولتیں میسر ہوں گی۔
 پی ایچ اے کے چیئرمین غزالی سلیم بٹ اورڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور کودنیا کے خوبصورت ترین شہروں کی طرح سجانے کا عزم رکھتے ہیں جس کے تحت بے شمار انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ پی آر او نادیہ طفیل کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور میں تیس سال بعد ہونے والے ہارس اینڈ کیٹل شوکی تقریبات کے انتظامات پی ایچ اے نے بخوبی سنبھالے ، کیٹل شو میں دیگر مقابلوں اور تقریبات کے علاوہ پھولوں کی نمائش اور آرائش گل کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے تاکہ لوگوں میں شجرکاری کا رحجان بڑھایا جاسکے۔یہ بات سب بخوبی جانتے ہیں کہ لاہور کو اس وقت سموگ کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہیں جس کا واحد حل آلودگی پر قابو پاناہے ۔پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہو ر نے شہرکو خوبصورت اور سموگ فری بنانے کے لئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر شہر کی تمام گرین بیلٹس اور پارکوں میں بہار کے موسمی پھولوں اورکیمری گولڈ کے خوبصورت فلاور بیڈز سے سجایا،روزانہ کی بنیاد پر گرین بیلٹس پر درختوں اور پودوں کو پانی لگانے کے عمل کی نگرانی کی جارہی ہے،لاہور کی مین شاہراؤں مال روڈ، جیل روڈ، کنال روڈ سمیت کئی اہم شاہراہوںپر بہار کے پھلولوں کی رنگا رنگ نمائش لگائی گئی۔ سموگ سے نمٹنے کے لئے پی ایچ اے نے شجرکاری مہم بھی شروع کی جس کے تحت شہر بھر میں لاکھوںنئے پودے لگائے گئے اس کے علاوہ عالمی یوم جنگلات کے موقع پر شہریوں میں ایک لاکھ سے زیادہ پودے تقسیم بھی کیے گئے حال ہی میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے راوی کنارے پودا لگا کرلنگز آف لاہور منصوبے کے اگلے مرحلہ کاباقائدہ افتتاح بھی کیا ہے ۔
پی ایچ اے نے لاہور شہر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ شہریوں کو سیرو تفریح کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی کئی اہم اقدامات کئے ہیں جن کے تحت جیلانی باغ، گریٹر اقبال باغ، باغ جناح، گلشن اقبال باغ اور جلو بوٹینکل گارڈن، ناصر باغ کی اپ گریڈیشن،نئے جوگنگ ٹریک، فونٹینز کی تزئین و آرائش اورپارکس میںبیت الخلا کی تعمیر نو کی گئی ۔ پی ایچ اے کے زیراہتمام یوم پاکستان کے موقع پر مینار پاکستان کو پاکستانی پرچم کے ساتھ لیزر لائٹ شو سے اور شہر کی اہم تاریخی عمارتوں کو سجایا گیا،لبرٹی گول چکر کے مونومنٹ اورمقبرہ جہانگیر کی تزئین و آرائش کی گئی،جین مندر پارک کی خوبصورتی کو کیمرہ کی آنکھ عکس بند کرنے کیلئے فوٹو گرافراز کا فوٹو گرافی کا مقابلہ کروایا گیا، گلبر گ مین مارکیٹ گول چکر پر کیوب کی شکل کا مونومنٹ بنایا گیا جس پر مختلف زبانوں میں لاہور کے نام کو خوبصورت انداز میں لکھا گیاہے اس کے علاوہ پارکس ،گرین بیلٹس ، سڑکوں اور شاہراہوں پر پی ایچ اے کے مالی دن رات پودوں کی آبیاری میں مصروف نظر آتے ہیں۔لاہور شہر کو خوبصورت بنانے ،سموگ کے خاتمہ اور شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے پنجاب حکومت اور پی ایچ اے کا عزم اور کاوشیں قابل تحسین ہیں۔