امریکہ نے ایران کے مزید 5 اداروں پر پابندیاں عائد کردیں

 ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،  ڈیل کیلئے زیادہ وقت نہیں :ٹرمپ
امریکہ جتنی زیادہ دھمکیاں دے گا ایران اتنا ہی مضبوط ہو گا:ایرانی صدرمسعود پیزشکیان
واشنگٹن ،تہران (آ ئی این پی ) امریکا نے ایران کے مزید 5 اداروں اور ایک شخص پر پابندیاں  عائدکر دیں۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہیکہ جن اداروں اور شخص پر پابندی لگائی گئی ان کا تعلق ایران کے ایٹمی پروگرام سے ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایران کے ساتھ ڈیل کے لیے زیادہ وقت نہیں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ  ایران جوہری پروگرام بند کرنے پر راضی نہ ہوا تو فوجی طاقت کا استعمال کریں گے، فوج کی ضرورت پڑی تو ہمارے پاس موجود ہے اور اسرائیل بھی اس میں شامل ہو جائے گا۔دوسری جانب ایران نے امریکا کی طرف سے فوجی دھمکیوں کو مسترد کردیا۔ایرانی صدرمسعود پیزشکیان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی جوہری کامیابیوں سے نہ پیچھے ہٹے گا اورنہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ کرے گا۔ ایرانی صدرنے کہا کہ امریکا جتنی زیادہ دھمکیاں دے گا، ایران اتنا ہی مضبوط ہو گا