مظلوم بننے کا ڈرامہ بے نقاب، ڈاکو نے خود ڈکیتی کی اطلاع دے دی

مظلوم بننے کا ڈرامہ بے نقاب، ڈاکو نے خود ڈکیتی کی اطلاع دے دی

لاہور: راوی روڈ پر ناکہ توڑ کر فرار ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ تعاقب کے دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو زخمی ہوگیا، جبکہ دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو نے فرار کا راستہ نہ ملنے پر خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی لگنے کی اطلاع دی۔تاہم پولیس کی جانب سے واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران زخمی شخص کے بیان کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ ڈکیتی کا مبینہ ملزم ہے اور زخمی ہونے کے بعد پولیس سے بچنے اور علاج کروانے کے لیے اس نے خود کو متاثرہ شہری ظاہر کرنے کی کوشش کی۔زخمی ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کا ایک ساتھی اسے زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔