10 روز میں پیٹرول 25، ڈیزل 22 روپے فی لیٹر مہنگا، عوام پر پٹرولیم بم گر گیا

10 روز میں پیٹرول 25، ڈیزل 22 روپے فی لیٹر مہنگا، عوام پر پٹرولیم بم گر گیا

اسلام آباد: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

 یکم سے 10 ستمبر کے دوران صرف 10 روز میں پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے 96 پیسے جبکہ ڈیزل 22 روپے 26 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا۔دستاویزات کے مطابق یکم ستمبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 342 روپے 79 پیسے تھی، جو 10 ستمبر کو بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے ہوگئی۔ اس دوران پیٹرول کی قیمت میں صرف ایک مرتبہ کمی ہوئی، جبکہ باقی دنوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق 2 ستمبر کو پیٹرول ایک روپے 8 پیسے، 3 ستمبر کو 2 روپے 29 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 84 پیسے مہنگا کیا گیا۔ تاہم 5 سے 7 ستمبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی کی گئی۔اس کے بعد قیمتوں میں دوبارہ تیزی آگئی اور 8 ستمبر کو پیٹرول 12 روپے 90 پیسے، 9 ستمبر کو 5 روپے 58 پیسے جبکہ 10 ستمبر کو مزید 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 367 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی۔

ڈیزل کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ
دستاویزات کے مطابق یکم ستمبر کو ڈیزل کی قیمت 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر تھی جو 10 ستمبر تک بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے ہوگئی۔ یوں صرف 10 روز میں ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 22 روپے 26 پیسے اضافہ ہوا۔اس دوران 2 ستمبر کو ڈیزل 51 پیسے، 3 ستمبر کو ایک روپے 11 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 28 پیسے مہنگا ہوا۔ 5 سے 7 ستمبر کے لیے ڈیزل کی قیمت میں مزید 3 روپے 72 پیسے اضافہ کیا گیا۔8 ستمبر کو ڈیزل مزید 3 روپے 72 پیسے، 9 ستمبر کو 4 روپے 18 پیسے اور 10 ستمبر کو 6 روپے 72 پیسے مہنگا کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مختصر مدت کے دوران ہونے والے اس نمایاں اضافے سے عوامی اور کاروباری اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ مہنگائی سے پہلے ہی متاثرہ شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔