لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے فرنٹ ڈیسک شہریوں کی داد رسی اور مسائل کے فوری حل کے لیے متحرک ہیں۔ لاہور پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال فرنٹ ڈیسکس پر شہریوں کی جانب سے 4 لاکھ 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2 لاکھ 70 ہزار درخواستوں پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ معمولی نوعیت کی ایک لاکھ 42 ہزار درخواستیں قانونی ضابطے کے تحت نمٹا کر داخلِ دفتر کر دی گئی ہیں، اس کے علاؤہ ایک ہزار 780 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ فرنٹ ڈیسکس پر موصول ہونے والی 68 ہزار سے زائد درخواستوں پر مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ گمشدگی کی رپورٹ سے متعلق 3 لاکھ 44 ہزار سے زائد درخواستوں پر بھی بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کا فوری حل اور بروقت انصاف کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک کا عملہ پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کر رہا ہے اور شہریوں کی درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔