بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 810 گاڑیوں کی نشاندہی ، 487 کے چالان،591 کو جرمانے کیے گئے:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی
لاہور(کرائم رپورٹر)سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ سیف سٹی کے اے آئی بیسڈ کیمروں، ورچوئل پٹرولنگ اور ڈرونز کے ذریعے گزشتہ سات روز کے دوران ماحولیاتی آلودگی کی 2 ہزار سے زائد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔سیف سٹی ترجمان کے مطابق بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 810 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 487 کے چالان کیے گئے جبکہ 189 گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ جاری کی گئی۔ دھواں چھوڑنے والی 767 گاڑیوں کی بھی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 591 کو جرمانے کیے گئے جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 183 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی بھی نگرانی کی گئی اور خلاف ورزی کے 12 واقعات پر کارروائی عمل میں لائی گئی