کھلی جگہوں پر دھواں، چکنائی اور بدبو پھیلانے والے ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی‘جرمانے ‘مقدمات درج ہوں گے
فضائی آلودگی برداشت نہیں کی جائے گی‘ تمام ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں:ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب بھر میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے ہوٹلوں اور باربی کیو مقامات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے ہوٹلوں اور باربی کیو مقامات کے حوالے سے بڑا ایکشن لیتے ہوئے کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے تمام ریسٹورنٹس پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔عمران حامد شیخ نے تمام ہوٹل اور باربی کیو اسٹیشنز کو 15 دن کے اندر سکشن ہوڈز لگانے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کھلی جگہوں پر دھواں، چکنائی اور بدبو پھیلانے والے ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حکم عدولی کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت فوری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں۔ڈی جی ماحولیات پنجاب نے کہا فضائی آلودگی برداشت نہیں کی جائے گی، دھواں اور اسموگ پھیلانے والے ہوٹل مالکان تیار رہیں، صوبہ بھر میں کریک ڈان شروع ہوگیا ہے، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں، چیکنگ اور سیلنگ کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے