لاہور میں مختلف واقعات کے دوران دو نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد جبکہ لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق مناواں کے علاقے تیز گڑھ گاؤں کے قبرستان سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے جانوروں نے نوچا ہوا تھا۔ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔دوسری جانب شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ فیملی پارک سے بھی 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق متوفی بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، تاہم اس کی شناخت بھی نہیں ہوسکی۔
پولیس کارروائی کے بعد دونوں لاشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔دریں اثنا تھانہ نواں کوٹ کی حدود میں لڑائی جھگڑے کے دوران 50 سالہ یاسین کو قتل کردیا گیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق مقتول بکر منڈی کا رہائشی تھا۔یاسین کو تشویشناک حالت میں سبزار ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکا۔ مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کردی گئی۔