اسرائیل کا تہران کے گاندھی ہسپتال پر حملہ، ایران کے خلیجی ممالک کے مختلف امریکی اڈوں پر حملے‘ 560 سے زائد امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
آرامکو کے راس تنورا ریفائنری میں 2 ڈرونز مار گرائے، ریفائنری کے ایک حصے میں معمولی آگ لگی:سعودی وزارت دفاع‘‘ ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر میں آگ لگ گئی
ایرانی حملوں کے باعث اسرائیل میں سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے: اسرائیلی وزارت صحت‘امریکی اور اسرائیلی حملوں میں چین کا شہری بھی ہلاک ہوا:چینی وزارت خارجہ
تہران‘تل ابیب‘بیجنگ (آئی این پی) امریکا اور اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران کے شمالی حصے میں واقع گاندھی اسپتال کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے گاندھی اسپتال پر گزشتہ روز فضائی حملے کیے۔حملے کے بعد کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں اسپتال کے اندر بکھرا ہوا ملبہ اور خالی وہیل چیئرز دیکھی جا سکتی ہیں۔ویڈیو میں حملے کے بعد لوگ مریضوں اور اسپتال کے انکیوبیٹر میں موجود کمسن بچے کو باہر نکالتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں‘ سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرامکو کے راس تنورا ریفائنری میں 2 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریفائنری کو نشانہ بنانے والے 2 ڈرونز تباہ کر دیے ہیں،ڈرون حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ گرنے سے ریفائنری کے ایک حصے میں معمولی آگ لگی آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا،خیال رہے کہ آرامکو دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمدی مراکز میں شمار ہوتی ہے۔ترجمان اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق ایرانی حملوں میں اسرائیل میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔ترجمان کے مطابق ایرانی حملوں میں اسرائیل میں 777 افراد زخمی ہوئے، 88 شدید زخمی ابھی تک مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں‘کویت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے پیر کی صبح امریکا کے متعدد طیارے گر کر تباہ ہوئے۔کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں متعدد امریکی فوجی طیارے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی گئی ‘امریکی حکام کے مطابق کویت کی جانب سے غلطی سے کی گئی فائرنگ کے باعث ایف 15 طیارے تباہ ہوئے‘ ایران کی جانب سے بحرین میں واقع امریکی اہداف پر تازہ حملہ کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق منامہ میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹر پر آگ کی اطلاعات ہیں، دھوئیں کے سیاہ بادل میلوں دور تک دکھائی دے رہے ہیں۔ایرانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اب تک مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔ اپنے بیان میں ایرانی فوج نے کہا کہ کویت میں امریکی فوجی اڈے کو مکمل طور پر ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق امریکا کے طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو چار میزائلوں سے ہدف بنایا گیا۔ دوسری جانب امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی بحری بیڑہ ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں کا نشانہ نہیں بنا، ایرانی میزائل بحری بیڑے کے قریب تک نہیں آسکے۔ تاہم سینٹ کام نے 3 امریکی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہو نے کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکا اور برطانیہ کے 3 تیل بردار جہازوں پر بھی حملے کیے ہیں۔بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرونز سے حملہ کیا گیا، مسقط کے قریب بحری جہاز پر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے تہران پر امریکی اسرائیلی حملوں میں ایک چینی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام چینی شہری فوری طور پر ایران سے نکل جائیں، اب تک 3 ہزار سے زائد چینی شہریوں کو ایران سے نکال چکے ہیں۔چین کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی حملے میں شہادت کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کا استعمال درست نہیں