پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے جدید ایئر لفٹ ڈرون متعارف کروا دیا

پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے جدید ایئر لفٹ ڈرون متعارف کروا دیا

پاکستان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے جدید ایئر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا۔

یہ ڈرون 200 کلوگرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سیکریٹری داخلہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کی ریسکیو کے لیے ملتان بھجوانے کی ہدایت دی، جبکہ لاہور میں سول ڈیفنس نے ڈرون کی ٹیسٹ فلائیٹس مکمل کر لی ہیں۔سیکریٹری داخلہ پنجاب کے مطابق سول ڈیفنس کے لیے مزید 10 ایئر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سروس ہے۔ اس سروس کے ذریعے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ طریقے سے ایئر لفٹ کیا جا سکتا ہے۔

سیلاب و ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار اور رضاکار فرنٹ لائن پر انسانی جانیں بچا رہے ہیں۔ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور میں شہریوں کی رضاکارانہ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، اور رواں ہفتے 4000 سے زائد شہری نے بطور رضاکار رجسٹریشن کروائی۔شہری اپنی صلاحیت کے مطابق خدمات انجام دے سکتے ہیں اور آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ جدید آلات اور تربیت سے شہری دفاع کو عالمی معیار کے مطابق لایا جا رہا ہے۔