لاہور: پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کو مؤثر اور تیز تر بنانے کے لیے اضافی سروے عملے کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔
موجودہ طور پر صوبے بھر میں 5,362 سروے کنندہ مختلف علاقوں میں کام کر رہے ہیں جو متاثرہ خاندانوں، مکانات، کھیتوں اور مویشیوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں، تاہم حالیہ سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی وسیع تباہ کاریوں کے پیش نظر یہ تعداد ناکافی سمجھی گئی۔مزید عملے کی بھرتی سے نہ صرف امدادی سروے کے عمل کو تیز کیا جا سکے گا بلکہ اسے زیادہ شفاف بھی بنایا جا سکے گا، جس سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت معاوضہ اور امداد فراہم کرنے میں آسانی ہو گی۔ نئے سروے عملے کی بھرتی کے قواعد و ضوابط اربن یونٹ طے کرے گا، جبکہ یہ بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اضافی سروے عملہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد فراہم کرے گا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔