ایک لاکھ سے زائد 19 لیٹر کی بوتلیں متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جائیں گی
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیلاب زدگان تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے اور 19 لیٹر کی ایک لاکھ سے زائد پانی کی بوتلیں متاثرہ شہریوں تک پہنچائی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق اب تک مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 27 ہزار لیٹر پانی تقسیم کیا جا چکا ہے، جس سے 2 لاکھ 42 ہزار 333 متاثرین کو صاف پانی فراہم کیا گیا۔ گزشتہ روز ہی صاف پانی اتھارٹی نے 1 لاکھ 87 ہزار 500 لیٹر پانی متاثرہ عوام تک پہنچایا۔ترجمان محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق سیلاب متاثرین کو صحت بخش صاف پانی مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے صاف پانی کی فراہمی کو مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الٹرا فلٹریشن ہینڈ پمپس بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے شہریوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ سیکرٹری ہا ئوسنگ نورالامین مینگل خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف جلد از جلد فراہم ہو سکے۔