ڈکی بھائی نے ضمانت کی درخواست دائر کردی

لاہور(کرائم رپورٹر)سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمن المعروف ڈکی بھائی نے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجے جانے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کردی۔لاہور کی ضلعی عدالت نے پیر کے روز نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے مزید 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی تھی۔عدالتی کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی سربراہی میں ہوئی، تفتیشی افسر شعیب ریاض نے یوٹیوبر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی۔ڈکی بھائی کے وکیل نے بھی اس توسیع کی مخالفت کی۔ان کے خلاف مقدمہ 17 اگست کی نصف شب این سی سی آئی اے لاہور کی جانب سے ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔