کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں 350 سے زائد افراد کا ریسکیو آپریشن کے ذریعے انخلا

کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں 350 سے زائد افراد کا ریسکیو آپریشن کے ذریعے انخلا

کراچی میں حالیہ موسمی صورتحال کے باعث شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اور انتظامیہ نے رات بھر آپریشن جاری رکھا۔

 وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر، ریسکیو 1122 کی ٹیموں اور ضلعی حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 350 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران سعدی ٹاؤن میں پانی میں پھنسے 10 افراد کو پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو کیا گیا، جبکہ صائمہ سوسائٹی کے قریب 2 مرد، 3 خواتین اور 6 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ نشر بستی اور عیسیٰ نگری میں پانی بھرنے سے 8 افراد پھنس گئے تھے، جن میں 4 بچے، ایک مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جنہیں ریسکیو 1122 نے محفوظ مقام پر پہنچایا۔سہراب گوٹھ کے قریب لاسی پاڑہ سے 15 بچوں، ایک ضعیف العمر شخص اور 4 خواتین کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ گلشن اقبال کے امتیاز سپر اسٹور کے قریب لیاری ندی میں پھنسے 2 افراد کو زندہ سلامت نکال لیا گیا، جبکہ خمیسو جوکھیو گوٹھ ملیر ندی میں پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث متعدد افراد پھنس گئے، جنہیں ریسکیو ٹیم نے بروقت ریسکیو کیا۔

چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر، ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کی، اور ڈپٹی کمشنرز ایسٹ اور ملیر کی نگرانی میں آپریشن جاری رہا۔ واٹر ریسکیو وہیکلز، بوٹس اور ایمبولینسز کے ذریعے امدادی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ ضلع کیماڑی میں ریونیو اور پولیس کے تعاون سے بھی ریسکیو آپریشنز کیے گئے، اسسٹنٹ کمشنر کیماڑی مدیحہ ناریجو کی قیادت میں 100 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔یہ ہنگامی اقدامات موسمی حالات کے پیش نظر شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے، اور ریسکیو ٹیمیں بروقت کارروائی کر کے انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں۔