حدیقہ کیانی اور شوبز فنکار سیلاب متاثرین کے لیے پیش پیش، انسانیت کی شاندار مثال قائم

حدیقہ کیانی اور شوبز فنکار سیلاب متاثرین کے لیے پیش پیش، انسانیت کی شاندار مثال قائم

ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی ہمیشہ نمایاں رہی ہیں۔

قدرتی آفات کے وقت وہ عوام کے ساتھ کھڑی رہتی ہیں۔ 2005 کے زلزلے کے بعد انہوں نے ایک متاثرہ خاندان کے بچے کو گود لیا، جو آج سماجی کاموں میں ان کے شانہ بشانہ کام کر رہا ہے۔سال 2022 کے شدید سیلاب کے دوران حدیقہ کیانی نے متاثرین کے لیے نئے گاؤں اور مساجد تعمیر کرنے کی ذمہ داری سنبھالی، جسے عوام اور مداحوں نے بے حد سراہا۔ موجودہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد بھی وہ متاثرہ خاندانوں سے براہِ راست ملاقات کر رہی ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد، کھانے پینے کا سامان اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہی ہیں۔مداحوں کی جانب سے حدیقہ کیانی کو بے حد دعائیں دی جا رہی ہیں۔ ایک صارف نے کہا: “میں نے آپ کو کبھی گلوکاری کے لیے نہیں فالو کیا بلکہ آپ کی انسانیت کی خدمت نے میرا دل جیتا ہے۔” جبکہ ایک اور نے کہا: “آپ پاکستان کی اصل پہچان ہیں۔”

حدیقہ کیانی کے ساتھ ساتھ دیگر شوبز فنکار بھی سیلاب متاثرین کی مدد میں سرگرم ہیں۔ سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے خیبر پختونخوا کے بونیر ضلع میں ریلیف سپلائیز تقسیم کیں، اور سابق بین الاقوامی کرکٹر احمد شہزاد نے باجوڑ کے متاثرین میں 35 دن کا راشن فراہم کیا۔پشاور میں آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن (اے اے ایف) کے تحت ریلیف کیمپ قائم کیا گیا، جہاں سے بنّر، سوات، شانگلہ اور مانسہرہ کے متاثرین کے لیے امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔ ٹی وی، ریڈیو، فلم، اسٹیج اور تھیٹر سے وابستہ فنکار بھی اس انسانی مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔