حکومت نے متاثرہ علاقوں کے لیے 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی
ریلیف کیمپوں میں مریضوں کی تیمارداری کی اور طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا:وفاقی وزیر
چنیوٹ(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت اور عوامی نمائندے مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ مشکلات ضرور ہیں لیکن ایک مربوط منصوبہ بندی کے تحت متاثرہ علاقوں کی تعمیر و بحالی کے لیے دن رات کام جاری ہے۔وفاقی وزیر نے اڈہ پٹھان کوٹ، جامع آباد، ٹھٹی بالاراجہ، شیخن اڈا، موضع کل، موضع کلری اور لالیاں سمیت مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قائم کیے گئے میڈیکل ریلیف کیمپوں میں مریضوں کی تیمارداری کی اور طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کے لیے فوری طور پر خوراک اور خیموں کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ ان کی صحت اور مکمل بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عمل جاری ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے متاثرہ علاقوں کے لیے 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جا رہا ہے۔