مشکل حالات میں کمزور اور متوسط طبقے کوکسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے شہبازشریف

حکومت مشکل حالات کے باوجود کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ‘ بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا
پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، موجودہ عالمی صورتحال میں قومی مفاد کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے گا:وزیراعظم  کی ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں گفتگو
ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پرعزم ہیں،خطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر اعتماد پر شکریہ ادا کرتا ہوں:ایکس پربیان
اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے کہا  ہے پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور موجودہ عالمی صورتحال میں قومی مفاد کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت مشکل حالات کے باوجود کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیجی بحران کے پاکستان پر ممکنہ اثرات، خصوصاً پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی، موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف اقدامات کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں معیشت کو مستحکم رکھنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا  حکومت مشکل حالات کے باوجود کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور کسی صورت انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں، جن میں ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنا شامل ہے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ قربانی کا آغاز حکومتی سطح سے کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن مکمل کرنے پر کام تیز کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں ممکنہ ریلیف براہِ راست فراہم کیا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک شفاف انداز میں پہنچائے جائیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور آئندہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور موجودہ عالمی صورتحال میں قومی مفاد کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔دریں اثناء ایکس پر پیغام میں  شہبازشریف نے کہا ہے  ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پرعزم ہیں۔سخطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ سے ایران سمیت کئی مسلم ممالک میں جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے، ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں معیشت اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ترکیہ اور مصر کے گراں قدر تعاون کو سراہتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر اعتماد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔