پنجاب کے عوام کے عزت نفس کا خیال رکھا، میری موجودگی میں پنجاب کے عوام کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘کرپشن کے تمام راستے بند کر دیئے
نقصانات کے ازالے تک آرام سے نہیں بیٹھوں گی‘اللہ پنجاب کو زیادہ وسائل دے جن کو آپ کے قدموں میں رکھ سکوں: اوکاڑہ میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
اوکاڑہ(آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے سب سے بڑے سیلاب سے نمٹنے کیلئے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے، حکومت نے پنجاب کے عوام کے عزت نفس کا خیال رکھا، میری موجودگی میں پنجاب کے عوام کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، پنجاب نے تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا، سیلاب سے کچے گھروں، جانوروں اور فصلوں کا بھاری نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج سیلاب متاثرین میں پہلے چیکس کی تقسیم کا عمل شروع ہوا ہے، وعدہ کیا تھا جب تک آخری متاثرہ شخص کے نقصان کا ازالہ نہیں ہوگا آرام سے نہیں بیٹھوں گی، پنجاب میں تین ہفتے سیلابی کیفیت رہی، سیلاب میں آپ کی وزیراعلی، کابینہ اور انتظامیہ کے افرادآرام سے نہیں بیٹھے، پنجاب حکومت نے اپنے عوام کی تاریخی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا سیلاب آیا اتنی ہی تاریخی خدمت کی گئی، سب نے یک جان ہو کر ایک ٹیم بن کر سیلاب میں کام کیا، سیلابی سروے کیلئے 10 ہزار افراد پر مشتمل ٹیمیں بنائیں، لاہور میں 10 ہزار لوگوں سے حلف لیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک 70 فیصد سروے مکمل ہو چکا ہے، آج چیک تقسیم کا آغاز 15 اضلاع، 15 ڈسٹرکٹس اور 15 شہروں سے ہو رہا ہے، ہم نے سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنا شروع کر دیا ہے، پنجاب کا خزانہ آپ ہی کی امانت ہے، سیلاب متاثرین کو دل سے اپنا مہمان سمجھا، سیلاب متاثرین کو کیمپوں میں تین وقت کا تیار کھانا فراہم کیا،تقریبا 12 سے 13 لاکھ سیلاب متاثرین اور جانوروں کا علاج ہوا۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ریسکیو آپریشن اپنے پیسے سے کیا، ہم نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو کھانا اور ٹینٹ اپنے وسائل سے فراہم کئے، میرے پاس تمام وسائل پنجاب کے عوام کی امانت ہیں، ہم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 100 ارب روپے رکھے ہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے، حکومت نے پنجاب کے عوام کے عزت نفس کا خیال رکھا، میری موجودگی میں پنجاب کے عوام کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں نے کرپشن کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں، 100 ارب روپے سیلاب متاثرین کے علاوہ کسی کو نہیں ملیں گے، سیلاب متاثرین کی شکایات کیلئے ایک پورا سسٹم بنا دیا ہے۔ا