اسلام آباد؍ راولپنڈی(آئی این پی )شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 26دسمبر کوشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس شہید کی نماز جنازہ میران شاہ میں ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میجر محمد اویس شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے نارووال روانہ کردیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔دریں اثنا ء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، شہید میجر محمد اویس کی بہادری پر فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔