اسرائیلی حملہ ریاستی دہشت گردی، قطر بھرپور جواب کا حق رکھتا ہے: وزیراعظم

اسرائیلی حملہ ریاستی دہشت گردی، قطر بھرپور جواب کا حق رکھتا ہے: وزیراعظم

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے اسرائیل کے حالیہ حملے کو سخت ترین الفاظ میں ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر محض مذمت پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ بھرپور ردعمل کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ نہ صرف غیرقانونی اور اشتعال انگیز تھا بلکہ اس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا تھا۔ واقعہ اسی اجلاس کے دوران پیش آیا جس میں حماس کی مذاکراتی ٹیم امریکی تجاویز پر غور کر رہی تھی۔شیخ محمد نے اعلان کیا کہ قطر اسرائیل کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر جوابدہی کے لیے ایک قانونی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں، اب صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کا وقت ہے۔"

وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم خطے کو جان بوجھ کر افراتفری کی طرف دھکیل رہے ہیں اور اسرائیلی جارحیت پورے مشرق وسطیٰ کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔امریکی کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ امریکا کی جانب سے حملے کی پیشگی اطلاع دیے جانے کی خبریں غیر مستند ہیں، کیونکہ امریکی حکام نے حملے کے 10 منٹ بعد رابطہ کیا۔ قطر نے ڈرون ریڈار پر نہ آنے کی وجہ سے حملے کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کیا۔

شیخ محمد نے یہ بھی واضح کیا کہ قطر کی غزہ جنگ بندی میں ثالثی کی کوششیں جاری ہیں اور کوئی بھی انہیں اس راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔