پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار سعود قاسمی نے معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کافی فساد پیدا کیا ہوا ہے۔
حال ہی میں سعود قاسمی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان اور دیگر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ پروگرام کے دوران ایک خاتون نے ان سے سوال کیا کہ آج کل پوڈکاسٹس میں شہرت حاصل کرنے کے لیے ماضی کے واقعات اور پرانی باتوں کو دوبارہ موضوعِ بحث بنایا جاتا ہے، اس رجحان کے بارے میں ان کی کیا رائے ہے؟جواب میں سعود قاسمی نے کہا کہ یہ رجحان آج کل عام ہوتا جا رہا ہے اور لوگوں میں ایک دوسرے کو عزت دینے کا جذبہ کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے مطابق، انہوں نے ایک انٹرویو دیکھا جس میں ایک خاتون متنازع سوالات کر رہی تھیں، جو انہیں پسند نہیں آئے۔
ہمایوں سعید اور عتیقہ اوڈھو کا بھی ذکر
سعود قاسمی نے نادیہ خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک کاروباری شخصیت کی بیٹی سے بھی سوالات کیے، جبکہ اس سے قبل اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔اداکار کے مطابق، اس طرح کی متنازع گفتگو لوگوں کے درمیان نفرت اور اختلافات کو بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری مجموعی طور پر اچھی ہے اور اس نوعیت کی متنازع باتیں زیادہ دیر تک زیرِ بحث نہیں رہتیں بلکہ عموماً تین دن بعد اپنی اہمیت کھو دیتی ہیں۔سعود قاسمی کے بیان کے بعد شوبز انڈسٹری میں انٹرویوز کے دوران متنازع سوالات اور فنکاروں کی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کا موضوع ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔