اداکار سعود قاسمی نے اداکارہ اور میزبان نادیہ خان کو شوبز شخصیات کے درمیان تنازعات بڑھانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں ’فسادَن‘ کہہ دیا۔
سعود قاسمی نے واسع چوہدری کے شو ’گپ شپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پروگرامز میں متنازع سوالات پوچھ کر فنکاروں کے درمیان اختلافات پیدا کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق نادیہ خان ماضی میں بھی مختلف شوبز شخصیات سے متعلق بیانات کے ذریعے تنازعات کو ہوا دیتی رہی ہیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں زیادہ تر لوگ ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں اور اگر کبھی کوئی اختلاف پیدا بھی ہو تو وہ چند دن میں خود ہی ختم ہوجاتا ہے، اس لیے تنازعات کو مزید بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے۔
دوسری جانب نادیہ خان نے سعود قاسمی کے الزامات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کی باتوں کو من گھڑت قرار دیا۔ نادیہ خان کا کہنا تھا کہ سعود کی جانب سے لگائے گئے الزامات بالآخر انہی کے خلاف چلے گئے۔نادیہ خان نے میزبان واسع چوہدری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شو کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔