کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار شاہ ویر کادوانی کو بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مشہور انداز کی نقل کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
شاہ ویر کادوانی نے ڈرامہ سیریل ’سن میرے دل‘ سے اداکاری کا آغاز کیا، جبکہ ان دنوں وہ ڈرامہ ’محبت‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔حال ہی میں اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ چھت پر کھڑے ہوکر شاہ رخ خان کے مشہور انداز میں دونوں بازو پھیلائے نظر آئے۔ ویڈیو کے پس منظر میں بالی ووڈ فلم کا معروف گانا ’گیروا‘ بھی سنائی دے رہا تھا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اداکار کے انداز پر مختلف تبصرے کیے اور انہیں طنز و تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنی تنقید کے باوجود شاہ ویر کا اعتماد قابلِ داد ہے، جبکہ ایک دوسرے صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ شاہ ویر کی ویڈیوز سے زیادہ ان کا کمنٹ سیکشن دلچسپ ہوتا ہے۔اداکار کی اس ویڈیو پر ہونے والے تبصروں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے انداز پر تنقید کر رہے ہیں، جبکہ دیگر ان کے اعتماد اور ویڈیو کے منفرد انداز پر تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔