نئے پاکستانی ڈرامہ سیریل ’محبت‘ کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی ابھرتے ہوئے اداکار شاہویر کادوانی کی اداکاری سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی۔
ڈرامے میں شاہویر زرار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پہلی قسط میں یونیورسٹی کے ایک منظر کے دوران وہ روایتی ’غصے والے ہیرو‘ کے انداز میں اپنے دوست سے بدتمیزی کرنے والے ایک سینئر کو سبق سکھاتے دکھائی دیتے ہیں۔یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے شاہویر کادوانی کی اداکاری پر تنقید کی۔ بعض صارفین نے انہیں ’پرچی‘ اور ’ریفرنس کڈ‘ قرار دیتے ہوئے ان کی کاسٹنگ پر بھی سوالات اٹھائے۔کچھ سوشل میڈیا صارفین نے شاہویر کی کاسٹنگ کو ان کے والد اور ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی سے جوڑا، تاہم یہ تبصرے سوشل میڈیا صارفین کی آرا تک محدود ہیں۔