آٹے کی بڑھتی قیمتوں کا نوٹس، مریم نواز نے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور کرلی

آٹے کی بڑھتی قیمتوں کا نوٹس، مریم نواز نے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور کرلی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کرلیا اور عوام کو سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں فلور ملوں کو سبسڈی کے تحت فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سبسڈی کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت فلور ملوں کو سرکاری گندم 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کر رہی ہے۔ شرکا نے سبسڈائزڈ گندم کا کوٹہ بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ مارکیٹ میں سستے آٹے کی فراہمی بہتر بنائی جاسکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے، اس لیے حکومت انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔