بین الاقوامی سطح پر کموڈٹیز کی قیمتوں میں کمی اور رسد میں اضافے کے باعث پاکستان میں دالوں، چاول اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔
جوڑیا بازار کی مقامی تھوک مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں 50 سے 70 روپے فی کلو تک کم ہوچکی ہیں۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں دالوں کی قیمتوں میں مزید 30 سے 40 روپے فی کلوگرام کمی کا امکان ہے، جس سے مجموعی طور پر دالوں کی قیمتیں 100 روپے فی کلو تک کم ہو جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں دالوں کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔روف ابراہیم کے مطابق چینی کے فارورڈ سودے 140 روپے فی کلو میں طے پائے ہیں، لہٰذا اگلے چند ہفتوں میں چینی کی تھوک قیمت 175 روپے سے کم ہو کر 150 روپے فی کلو ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک سے درآمد ہونے والی چینی اور نئے کاشت سیزن کے آغاز سے چینی مزید 25 روپے فی کلو سستی ہو جائے گی۔اسی طرح، باسمتی چاول کی تھوک قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو تک کمی کا امکان ہے، جس سے قیمت 350 روپے سے کم ہو کر 250 روپے فی کلو رہ جائے گی۔ماہرین کے مطابق، اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے مہینوں میں صارفین کو روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں واضح ریلیف مل سکتا ہے۔