مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے خوشی کی خبر ہے کہ عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی دالوں کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
چئیرمین ہول سیل گروسز ایسوسی ایشن عبدالروف ابراہیم نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں 100 ڈالر فی ٹن سے زیادہ کم ہوئی ہیں۔ عالمی قیمت 860 ڈالر فی ٹن سے کم ہو کر 750 ڈالر فی ٹن سے نیچے آ گئی ہے۔ عبدالروف ابراہیم نے مزید بتایا کہ ستمبر سے اب تک کالا چنے کی قیمت میں 50 روپے فی کلو کمی آئی ہے، اور رواں ماہ اور اگلے ماہ چھ جہاز دالوں کی درآمد کے لیے آ رہے ہیں، جس سے قیمتوں میں مزید 250 روپے تک کمی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کی عالمی مارکیٹ سے خریداری بند ہونے کے سبب عالمی سطح پر دالوں کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں، اور پاکستان وہ واحد ملک ہے جو دالوں کی خریداری کر رہا ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی سے درخواست کی کہ وہ ریٹیل سطح پر دالوں کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام صارفین تک پہنچائیں۔
عبدالرؤف ابراہیم نے مقامی امپورٹرز کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ عالمی بازار میں قیمتوں کی کمی کی وجہ سے مقامی امپورٹرز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 400 روپے فی کلو قیمت والی چنے کی دال 360 روپے، اور اگلے ماہ تک 300 روپے فی کلو تک دستیاب ہو جائے گی۔ ماش کی دال 500 روپے کلو سے کم ہو کر 425 روپے کلو میں ملے گی، جبکہ کابلی چنے کی اول نمبر دال 400 روپے سے کم ہو کر 355 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، اور کابلی چنے کی چھوٹا قسم 320 روپے سے کم ہو کر 295 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔اس کمی سے عوام کو کافی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، کیونکہ دالیں پاکستان میں عام طور پر خوراک کے اہم اجزاء ہیں۔