غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت کی منظوری کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی اور مرحلہ وار انخلا کا اعلان کردیا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق جنگ بندی فوری طور پر نافذ ہوچکی ہے، اور فوج امریکی صدر کی جانب سے پیش کیے گئے امن منصوبے کے تحت واپسی کی تیاری کر رہی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کے خطرے یا حملے کی صورت میں صورتحال بدلتی ہے تو اسرائیلی فوج جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔دوسری جانب، حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق اگلے 72 گھنٹوں کے دوران تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا جائے گا۔معاہدے کے تحت انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی بھی بحال کردی گئی ہے، جس کے تحت روزانہ 600 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔ ان ٹرکوں میں طبی سامان، خوراک، اور عارضی رہائش کے لیے ضروری اشیاء شامل ہوں گی۔عالمی برادری نے اس پیشرفت کو خطے میں امن کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے لیے مستقل سیاسی حل ناگزیر ہے۔