اسرائیل نے غزہ سٹی میں بھی زمینی فوج اُتار دی ہے اور فلسطینی شہریوں کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقہ خالی کر دیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں 50 اونچی عمارتوں کو گرانا محض نکتہ آغاز تھا، اصل آپریشن اب شروع ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق فضائیہ نے غزہ سٹی کی بلند عمارتوں کو نشانہ بنایا تاکہ زمینی کارروائی کی راہ ہموار کی جا سکے۔نیتن یاہو نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے جلد از جلد شہر چھوڑ دیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق یہ آپریشن آئندہ برس تک جاری رہ سکتا ہے، جس میں ایک لاکھ 30 ہزار ریزرو فوجی بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جس سے مجموعی جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس نے اسرائیل کی منظور شدہ شرائط تسلیم نہ کیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔