کروہی میں 3 ماہ کے دوران 5 خواتین پر الزامات لگا کر لاکھوں روپے وصول
ایس ایس پی گھوٹکی نے نوٹس لیتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا، مقدمات درج
میرپورماتھیلو (خصوصی رپورٹ) سیاہ کاری کی آڑ میں مبینہ طور پر جرگوں کے ذریعے پیسے کمانے والے بے نقاب ، پولیس نے 4 وڈیروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔یارولونڈ تھانے کی حدود کروہی کے علاقے میں مبینہ طور پر سیاہ کاری کے جھوٹے الزامات پر 3 ماہ کے دوران 5 خواتین پر سیاہ کاری (کاروکاری)کے جھوٹے الزامات عائد کیے گئے اور اس الزام میں آنے والے افراد سے لاکھوں روپے وصول کیے گئے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی گھوٹکی نے نوٹس لیتے ہوئے جرگے کرنے والے وڈیروں کی گرفتاری کا حکم دیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے 4 وڈیروں کو گرفتار کرکے یارو لونڈ تھانے میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ گرفتار ہونے والے وڈیروں میں شاکی شر ، واجب شر ، ارشاد شر اور احمد خان شر شامل ہیں ۔ مذکورہ وڈیروں نے مبینہ طور پر 5 خواتین پر سیاہ کاری کا جھوٹا الزام لگا کر رقم وصول کی تھی۔