ٹرینوں کی آمد و روانگی میں طویل تاخیر،شاہ حسین منسوخ

براستہ شور کوٹ خانیوال کراچی جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلایا جارہا 
لاہور (کرائم رپورٹر ) سیلاب سے متاثرہ ٹریک کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے اور آنے والی ٹرینوں کا شیڈول متاثر،فیصل آباد سے براستہ شور کوٹ خانیوال کراچی جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلایا جارہا ہے، ٹرینوں کی آمد و روانگی میں گھنٹوں تاخیر کے باعث مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے گزشتہ روز ایک ٹرین منسوخ کردی گئی، لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو گزشتہ روز منسوخ کردیا گیا، قراقرم ایکسپریس کراچی کے لیے سہ پہر 3 بجے لاہور سے روانہ ہوئی۔پاک بزنس ایکسپریس کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی، کراچی ایکسپریس کراچی کیلئے شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی، شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن میں ایڈجسٹ کیا گیا ،گرین لائن کراچی کیلئے رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی، کراچی جانے والی قراقرم لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی گئی۔کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس براستہ لاہور-ساہیوال کراچی گئی۔کراچی جانے والی ملت ایکسپریس فیصل آباد سے دوپہر 2 بجے روانہ ہوکر براستہ چک جھمرہ، سانگلہ ہل، لاہور،ساہیوال کراچی جارہی ہے۔کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس براستہ لاہور،ساہیوال کراچی جارہی ہے۔