آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) نے اپنا سب سے کم قیمت سبسکرپشن پلان "چیٹ جی پی ٹی گو (ChatGPT Go)" پاکستان سمیت ایشیا کے 16 ممالک میں متعارف کرا دیا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی کے سربراہ نک ٹورلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی جانب سے کم قیمت اور آسان رسائی کی مسلسل درخواستوں کے بعد کمپنی نے یہ نیا پلان لانچ کیا ہے۔اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گو کو پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، بھوٹان، برونائی، کمبوڈیا، لاؤس، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نیپال، فلپائن، سری لنکا، مشرقی تیمور اور ویتنام میں باضابطہ طور پر پیش کیا گیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی گو کا مقصد نئے جی پی ٹی-5 ماڈل تک زیادہ سے زیادہ صارفین کی رسائی ممکن بنانا ہے۔ اس سبسکرپشن میں چیٹ جی پی ٹی کے مفت ورژن کے تمام فیچرز کے ساتھ ساتھ زیادہ تصویری جنریشن، فائل اپ لوڈ، ایڈوانسڈ ڈیٹا اینالسس اور دیگر ٹولز بھی شامل ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گو میں صارفین کے لیے چَیٹ ہسٹری، فائل اپ لوڈز، اور ٹول لمٹس بھی مفت ورژن سے زیادہ ہوں گے۔پاکستان میں اس نئے پلان کی ماہانہ فیس 1400 روپے (تقریباً 5 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے، جبکہ موازنہ کے طور پر:
چیٹ جی پی ٹی پلس: 5700 روپے ماہانہ
چیٹ جی پی ٹی پرو: 49,900 روپے ماہانہ
چیٹ جی پی ٹی بزنس پلان: 8,499 روپے ماہانہ
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی گو کو ابتدا میں بھارت اور انڈونیشیا میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد اب اسے خطے کے دیگر ممالک تک توسیع دے دی گئی ہے۔