فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد خطے سمیت کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7:40 بجے کے قریب آیا۔ شدید جھٹکوں کے باعث مختلف علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد عمارتیں منہدم یا شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ممکنہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔زلزلے کے بعد فلپائن کے ساحلی علاقوں کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ Pacific Tsunami Warning Center کے مطابق فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر تک بلند لہریں آنے کا خطرہ ہے، جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے کچھ حصوں میں 1 میٹر تک سونامی لہروں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے اور سمندر سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ زلزلہ خطے میں موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کے باعث آیا، اور آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا خدشہ ہے۔