فیز ٹوکے آغاز کی منظوری‘کسانوں کو 100ارب کے قرضے دیئے جائیں گے مریم نواز

 20ہزار ٹریکٹرسبسڈی پر ملیں گے، 50سے 65ہارس پاورپر 5لاکھ،75سے 125ہارس پاور تک10لاکھ روپے سبسڈی حکومت ادا کرے گی

 جولائی سے سی ایم ماڈل ایگریکلچر مال فیز ٹو کا آغاز،فیصل آباد،جھنگ،اوکاڑہ،خانیوال،راجن پور،وہاڑی،رحیم یار خان،شیخوپورہ، اٹک اورمیانوالی میں ماڈل ایگریکلچر مال بنیں گے

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز ٹوکے آغاز کی اصولی منظوری دے دی۔ کاشتکاروں کو فیز ٹو میں 628000کسان کارڈ کے ذریعے100ارب روپے کے لون دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ زراعت سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس فیز ٹو کی منظوری دی گئی۔پوٹھو ہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت 500منی ڈیم اور250آبی ذخائر کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا اور کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100ارب روپے کے بلاسود لون دینے پراتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گرین ٹریکٹر، ماڈل ایگریکلچر،ٹیوب ویل سولرائزیشن،ایگری ایجویٹ،ویٹ پروگرام،سپر سیڈر،سٹرس،پوٹھو ہار،ایگری ٹرانسفارمیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکار کوامدادی نرخ پر زرعی مداخل کی فراہمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فصل کی کاشت سے پہلے نیا پراجیکٹ دیں گے۔اجلاس میںگندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے ڈیزل،کھاد،بیج اورزرعی ادویات حاصل کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پرکسان کارڈ فیز ٹو میں  ایک ہزار روپے پراسیسنگ فیس ختم کردی گئی۔ کسان کارڈ فیز ٹو کیلئے 4200زرعی سپلائرز کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔ کسان کارڈ فیز ون میں کاشتکاروں سے 99فیصدلون کی وصولی کا ہدف پورا کیا گیا۔ گرین ٹریکٹرپروگرام فیز ٹو کے تحت 20ہزار ٹریکٹرسبسڈی پر ملیں گے۔ 50سے 65ہارس پاور تک 5لاکھ روپے،75سے 125ہارس پاور تک10لاکھ روپے سبسڈی حکومت ادا کرے گی۔ اگست میں گرین ٹریکٹر سکیم کے لئے د رخواستوں کی وصولی شروع ہوگی۔ ستمبر میں گرین ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ اور ڈسٹریبوشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹرزکی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ۔10اضلاع میں جولائی سے سی ایم ماڈل ایگریکلچر مال فیز ٹو کا آغاز کردیا جائے گا۔ فیصل آباد،جھنگ،اوکاڑہ،خانیوال،راجن پور،وہاڑی،رحیم یار خان،شیخوپورہ، اٹک اورمیانوالی میں ماڈل ایگریکلچر مال بنیں گے