اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا ، فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی :سابق سینیٹر کی گفتگو
راولپنڈی ( آن لائن ) غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والے کارواں ‘‘صمود فلوٹیلا’ کے رکن اور جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔سینیٹر مشتاق گلف ائیرلائن کی پرواز GF770 کے ذریعے گزشتہ روز عمان سے اسلام آباد پہنچے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جماعتِ اسلامی کے رہنمائوں ‘ کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے ‘استقبالیہ سے خطاب میں مشتاق احمد نے کہا وہ پاکستان کی پالیسی اور عوام کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے ۔میرا پاکستان اسرائیل کو نہیں مانتا، میرا بابا، میرا قائد اعظم، میری ریاست کوئی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا میں اسرائیل کو نہیں مانتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاسپورٹ پر اسرائیل کی مہر نہیں لگی اور یہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے الحمدللہ، میں سرخرو ہو کر لوٹا ہوں، میرے ضمیر کو زنجیر نہیں پہنائی جا سکی۔