صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد قتل، 7 زخمی

صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد قتل، 7 زخمی

صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں جہانگیرہ روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صوابی جہانگیرہ روڈ پر نیشنل بینک کے قریب پیش آیا، جہاں مخالفین نے ایک کار کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پیش امام، ایک خاتون اور مدعی کے دو گنرز شامل ہیں، جبکہ واقعے میں 7 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ فائرنگ کے خلاف مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے امن چوک صوابی کو بند کردیا۔ مظاہرین نے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔