صوابی میں بارشوں اور کلاؤڈبرسٹ سے تباہی، 42 افراد جاں بحق

صوابی میں بارشوں اور کلاؤڈبرسٹ سے تباہی، 42 افراد جاں بحق

صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔

 اب تک مختلف واقعات میں 42 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ کے مطابق گاؤں دالوڑی بالا میں چند روز قبل آنے والے کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں 17 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔ تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دب جانے والے 40 افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن میں 37 لاشیں اور 3 زخمی افراد برآمد ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ علاقے سرکوئی پایاں میں بھی کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں 4 افراد جان سے گئے، جبکہ ایک نوجوان کرنل شیر ندی کے مقام پر سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا جس کی لاش ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ روز نکالی۔

حکام کے مطابق صوابی میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 42 افراد جاں بحق ہوئے۔ دالوڑی بالا میں 17 گھر اور سرکوئی میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوا جبکہ ضلع بھر میں 27 گھروں کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد اب متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے، اور انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔