اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی اداروں کے اجلاس میں نیسپاک، حیسکو اور سیپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے متعلق اہم انتظامی تجاویز کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کے علاوہ متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری ملکیتی اداروں کے انتظامی ڈھانچے اور بورڈز میں تقرریوں سے متعلق دو اہم معاملات پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران پہلی تجویز نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے چیئرمین یا آزاد ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق پیش کی گئی۔ دوسری تجویز میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنو تشکیل اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے بورڈ میں ایک آزاد ڈائریکٹر کی تقرری شامل تھی۔کمیٹی نے دونوں تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ان کی منظوری دے دی۔ ان فیصلوں کا مقصد سرکاری اداروں کے انتظامی اور فیصلہ سازی کے ڈھانچے کو بہتر بنانا اور بورڈز کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ سرکاری ملکیتی اداروں کے بورڈز میں بطور عہدہ خدمات انجام دینے والے حکومتی نمائندوں کا انتخاب اہلیت، تجربے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ بورڈز میں نامزد کیے جانے والے متعلقہ افسران کو اپنے اداروں، وزارتوں اور ڈویژنز کے امور کا مکمل فہم ہونا چاہیے تاکہ وہ مؤثر انداز میں حکومتی نمائندگی کرسکیں اور اداروں کی انتظامی کارکردگی میں اپنا کردار ادا کریں۔