نیپرا کی سخت کارروائی، حیسکو پر غیر قانونی لوڈشیڈنگ پر 5 کروڑ سے زائد جرمانہ

نیپرا کی سخت کارروائی، حیسکو پر غیر قانونی لوڈشیڈنگ پر 5 کروڑ سے زائد جرمانہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے سے زائد کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

نیپرا کے مطابق یہ جرمانہ حیسکو کی جانب سے فیڈر نقصانات اور لائن لاسز کو جواز بنا کر کی جانے والی غیر قانونی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کیا گیا ہے۔ ریگولیٹر نے واضح کیا کہ فیڈر پر تکنیکی مسائل یا لائن لاسز کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی روکنا صارفین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔نیپرا نے اس سے قبل تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ فیڈر نقصانات کو جواز بنا کر بجلی بند نہ کریں، تاہم حیسکو کی جانب سے ان احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی۔ اس صورتحال پر 4 اپریل 2024 سے کمپنی پر یومیہ ایک لاکھ روپے کا جرمانہ نافذ کیا گیا، جو وقت کے ساتھ بڑھتے بڑھتے اب 5 کروڑ روپے سے زائد ہو چکا ہے۔

ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسی نوعیت کے اقدامات جاری رکھے گی اور بجلی تقسیم کرنے والی تمام کمپنیوں کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔توانائی کے ماہرین کے مطابق نیپرا کی یہ کارروائی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ صارفین کو غیر ضروری اور غیر قانونی مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔