شارجہ: زمبابوے نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں منفرد عالمی ریکارڈ قائم کردیا، وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 500 سے زائد رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا، تاہم زمبابوے نے اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت ریکارڈ بک میں جگہ بنالی۔ زمبابوے نے پہلی اننگز میں 504 رنز اسکور کیے، جبکہ دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔میچ کے آخری روز زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ اس دوران برائن بینیٹ نے نصف سنچری اسکور کی، جبکہ ڈیبیو کرنے والے انتم نقوی نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔زمبابوے کے کپتان کریگ ایروین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 206 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ویسلے میڈھیویرے 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 208 رنز کی شراکت قائم کی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں اس وکٹ پر زمبابوے کی جانب سے سب سے بڑی شراکت ہے۔اس میچ میں 41 سال اور 82 دن کی عمر میں ڈبل سنچری بنانے والے کریگ ایروین ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔زمبابوے کی جانب سے دوسری اننگز ڈکلیئر کیے جانے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا، تاہم زمبابوے نے اپنی غیر معمولی بیٹنگ کے ذریعے ایک منفرد عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔