بلاوائیو: جنوبی افریقا نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اننگز اور 236 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
بلاوائیو کے کوئینز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن جنوبی افریقی ٹیم نے فتح سمیٹ لی۔ جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں اپنی بیٹنگ کے دوران 3 وکٹوں کے نقصان پر 623 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی۔ اس تاریخی اننگز میں کپتان ویان ملڈر نے ناقابلِ شکست 367 رنز کی انفرادی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کے کیریئر کا سب سے بڑا اسکور ہے۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ فالو آن میں بھی زمبابوے کی بیٹنگ لائن اپ جنوبی افریقی باؤلرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور دوسری اننگز میں 220 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔یوں جنوبی افریقا نے یہ ٹیسٹ میچ اننگز اور 236 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کیا۔ کپتان ویان ملڈر کو ان کی تاریخی اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پہلا ٹیسٹ بھی یکطرفہ
یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی جنوبی افریقا نے زمبابوے کو 328 رنز کے بھاری فرق سے شکست دی تھی۔ اس طرح سیریز کا ہر میچ یکطرفہ ثابت ہوا، اور زمبابوے کی ٹیم دونوں مواقع پر مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔
اب نظریں ٹی ٹوئنٹی سیریز پر
اب دونوں ٹیمیں نیوزی لینڈ کے ساتھ مل کر 14 جولائی سے شروع ہونے والی ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کریں گی۔ سیریز کے دوران مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے جس میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو مرتبہ مدِ مقابل آئے گی، اور آخر میں دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔سیریز زمبابوے میں ہی کھیلی جائے گی، جس کا مقصد میزبان ٹیم کو محدود اوورز کی کرکٹ میں تجربہ فراہم کرنا اور آئی سی سی ایونٹس سے قبل تیاری کو بہتر بنانا ہے۔