ملتان: میاں چنوں میں دو روز قبل مبینہ طور پر بیوی اور سالے کے تشدد کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے سے جھلسنے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق میاں چنوں میں محمد اسلم کو دو روز قبل مبینہ طور پر گھریلو تنازع پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔ واقعے میں اسلم شدید جھلس کر زخمی ہوگیا تھا، جسے طبی امداد کے لیے نشتر اسپتال ملتان کے برن یونٹ منتقل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ شوہر کی دوسری شادی بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسلم کی بیوی کو اس کی دوسری شادی پر رنج تھا، جس کے باعث گھر میں تنازع پیدا ہوا۔ الزام ہے کہ بیوی اور اس کے بھائی یونس نے اسلم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔متوفی محمد اسلم نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں زیرِ علاج تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دو ملزمان پہلے ہی گرفتار
پولیس نے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث اسلم کی بیوی اور اس کے سالے یونس کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔ واقعے کے بعد مقدمے کی تفتیش جاری ہے، جبکہ متاثرہ شخص کی ہلاکت کے بعد کیس میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔