سبزہ زار لاہور میں بہنوئی کے ہاتھوں میاں بیوی قتل، حنا پرویز بٹ کا متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت

سبزہ زار لاہور میں بہنوئی کے ہاتھوں میاں بیوی قتل، حنا پرویز بٹ کا متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت

لاہور: سبزہ زار کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی سالی اور اس کے شوہر کو قتل کرنے کے بعد گھر کو آگ لگا دی۔

 واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئیں۔ انہوں نے لواحقین سے ملاقات کی، تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پولیس کے مطابق، واقعہ خاندانی تنازع کے نتیجے میں پیش آیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مقتول میاں بیوی کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ تدفین کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔

حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے درندہ صفت مجرموں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا، اور کسی کو بھی اس طرح کے وحشیانہ حملے کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے پولیس کو شفاف تفتیش اور فوری انصاف یقینی بنانے کی ہدایت دی۔