بارش نے کیویز کا مسلسل ون ڈے ہوم سیریز فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا

بارش نے کیویز کا مسلسل ون ڈے ہوم سیریز فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا

ہیملٹن: نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ہیملٹن میں کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

شدید بارش کے باعث میچ کا ٹاس مقررہ وقت پر نہ ہوسکا اور کھیل کے آغاز میں تاخیر ہوتی رہی۔ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے میچ کو 40، 40 اوورز فی اننگز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ٹاس کے بعد ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث کھیل ممکن نہ ہوسکا۔مسلسل بارش اور گراؤنڈ کی صورتحال کے پیش نظر امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کو میچ میں کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

نیوزی لینڈ کی مسلسل 11 سیریز جیتنے کی روایت ختم

تیسرے ون ڈے کے منسوخ ہونے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کا اپنی ہوم گراؤنڈ پر باہمی ون ڈے سیریز جیتنے کا مسلسل 11 سیریز پر مشتمل سلسلہ بھی اختتام پذیر ہوگیا۔پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو پہلے ہی ابتدائی دو مقابلوں میں کامیابی کے باعث 0-2 کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے میچ کے بے نتیجہ رہنے کے بعد بھارت کو سیریز میں شکست دینے کا امکان ختم ہوگیا ہے، تاہم نیوزی لینڈ کے پاس آخری دونوں میچز جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کرنے کا موقع موجود ہے۔

آخری دو میچز میں شریاس ائیر بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آخری دو ون ڈے میچز جمعے اور اتوار کو ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جائیں گے۔بھارتی کپتان شبمن گل ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے باعث آخری دو ون ڈے میچز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، ان کی عدم موجودگی میں شریاس ائیر بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔