لاس اینجلس: نیٹ فلکس کی مقبول ہارر اور سائنس فکشن سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے اسی کہانی کی دنیا پر مبنی نئی لائیو ایکشن سیریز ’ادر ورلڈز: اے اسٹرینجر ایڈونچر‘ (Other Worlds: A Stranger Things Adventure) کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس نے 6 نومبر کو ’اسٹرینجر تھنگز ڈے‘ کے موقع پر نئی سیریز کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مختصر ٹیزر بھی جاری کیا۔ سیریز 2028 میں نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی، تاہم ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
کہانی 1955 کے پراسرار واقعات پر مبنی ہوگی
نئی سیریز کی کہانی 1955 میں امریکی ریاست نیواڈا کے شہر میریون میں پیش آنے والے پراسرار واقعات کے گرد گھومے گی۔ یہ کہانی اصل ’اسٹرینجر تھنگز‘ سیریز کے واقعات سے کئی دہائیاں پہلے کی ہے اور اس میں ایک نئی جگہ، نئے کرداروں اور نئے پراسرار واقعات کو متعارف کرایا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق نئی سیریز میں ہینری کریل کے ماضی اور اس پراسرار واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے جس کا تعلق اس کی غیرمعمولی طاقتوں اور خوفناک کردار ’ویکنا‘ (Vecna) سے ہے۔ کہانی میں اس پراسرار پتھر اور دوسری دنیا سے تعلق رکھنے والے عناصر پر بھی توجہ دی جائے گی جنہوں نے ہینری کریل کی زندگی کا رخ بدل دیا تھا۔
ڈفر برادرز اور کیٹ ٹریفری بھی نئی سیریز کا حصہ
نیٹ فلکس کے مطابق نئی سیریز کو ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے تخلیق کار میٹ اور راس ڈفر اور سیریز کی مصنفہ کیٹ ٹریفری نے مشترکہ طور پر تخلیق کیا ہے۔ کیٹ ٹریفری اس منصوبے کی شو رنر بھی ہوں گی، جبکہ معروف ہدایت کار جو رائٹ ابتدائی تین اقساط کی ہدایت کاری کریں گے۔پروڈکشن نیو میکسیکو میں کی جائے گی، جبکہ نئی سیریز میں نئے اداکاروں اور کرداروں کو متعارف کرانے کی تیاری ہے۔ کاسٹ کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مداحوں کو اسٹرینجر تھنگز کی نئی دنیا دیکھنے کا موقع ملے گا
’اسٹرینجر تھنگز‘ پہلی مرتبہ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی اور اپنی منفرد کہانی، خوفناک مناظر اور سائنس فکشن عناصر کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔ نئی سیریز اسی کائنات کو ایک نئے دور اور مختلف مقام پر لے جائے گی۔