فیروزپور روڈ پر بغیر ہیلمٹ ملزم مسروقہ موٹرسائیکلیں استعمال کرتے پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک وارڈن کی حاضر دماغی اور بروقت کارروائی کے باعث چوری شدہ دو موٹرسائیکلیں بر آمد کر لی گئیں۔ ٹریفک وارڈن آغا عدنان نے فیروزپور روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو روک کر چیکنگ کی تو دونوں موٹرسائیکلوں کیخلاف چوری کے مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا۔ وارڈن نے ون ایپ کے ذریعے موٹرسائیکلوں کی تصدیق کی، جسکے بعد دونوں ڈرائیوروں کو چوری شدہ موٹرسائیکلوں سمیت تھانہ لٹن روڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈن آغا عدنان کی بروقت کارروائی سے عرصہ دراز سے چوری شدہ موٹرسائیکلوں کی بر آمدگی ممکن ہوئی۔ سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک وارڈن آغا عدنان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دیتے کہا ہے کہ وارڈنز نا صرف ٹریفک قوانین کے نفاذ بلکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں بھی م ئوثر کردار ادا کر رہے ہیں۔