اسحاق ڈارسیاسی کشیدگی میں کمی کا ٹاسک
سیاسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی ترک کی جائے،حکومت اپنی کارکردگی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرے : ن لیگ کا فیصلہ، اسحاق ڈارسیاسی ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے جلد بات چیت شروع کرینگے
لاہور ( خصوصی رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اعلیٰ سطح کی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کا بنیادی مقصد ملک میں جاری سیاسی تناؤ میں کمی لانا اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کرنا تھا۔ اس موقع پر ملکی معیشت، انتظامی امور اور پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی ترک کی جائے اور حکومت اپنی کارکردگی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ملک کا سیاسی ماحول بہتر بنانے، اپوزیشن اور دیگر فریقین کے ساتھ رابطے بحال کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سیاسی ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے بات چیت کا آغاز کریں اور سیاسی استحکام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ملاقات میں حکومتی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اتحادی جماعتوں، بالخصوص ق لیگ کے ساتھ تمام زیر التوا معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ رہنماؤں نے ہدایت کی کہ اتحادیوں کے ساتھ اختلافات اور تحفظات باہمی بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے جلد از جلد حل کیے جائیں تاکہ حکومتی صفوں میں مکمل یکجہتی برقرار رہے۔ ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی اور قائد نواز شریف اور وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی امور، گورننس اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنا نقطہ نظر بھی پیش کیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کا ایک اہم ایجنڈا آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بھی تھا۔ اس سلسلے میں پارٹی کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی سے مخلص، متحرک اور محنتی نوجوان قیادت کو میدان میں اتارا جائے گا اور انہیں اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ نچلی سطح پر پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جا سکے۔